کراچی ۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے ورلڈ کپ میں ٹیم سے عمدہ کارکردگی کی امید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی تو ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔ کراچی کے جناح اسپتال میں خطاب کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ ورلڈ کپ سر پر ہے لہٰذا اب سرفرازاحمد کی کپتانی پر اب باتیں نہیں ہونی چاہئیں، امید ہے کہ سرفراز ورلڈکپ میں اچھی خبر دیں گے۔ یاد رہے کہ یونس خان کی زیر قیادت ٹیم نے 2009 کا ورلڈ ٹی20 جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ یونس خان نے کہا کہ ورلڈ کپ کے نئے فارمیٹ کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو ایونٹ میں سخت محنت کرنی ہوگی اور اگر ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی اور قسمت نے ساتھ دیا تو پاکستان ورلڈکپ جیت سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چمپیئنز ٹرافی کے آغاز میں بھی کسی کو جیتنے کی امید نہیں تھی لیکن سب نے دیکھا کہ پاکستان نے چمپیئنز ٹرافی جیتی لہٰذا سب کو مل کر ٹیم کی حمایت کرنی ہوگی ۔