پاکستان کی ناکامی پر آفریدی نے قوم سے معافی مانگی!

دبئی ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ٹی ٹوئٹنی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ہندوستان میں جاری ورلڈ T20 میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر پاکستانی قوم سے معافی مانگی ہے اور کہا ہے کہ وہ صرف قوم کو جوابدہ ہیں۔ آفریدی نے سوشل میڈیا پر پیش کردہ ویڈیو میں کہا ہے کہ جب وہ سبز رنگ پہنے، سینے پر ستارہ سجائے کرکٹ کے میدان میں اترتے ہیں تو وہ پوری قوم کے جذبات ساتھ لے کر جاتے ہیں۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر صفائی پیش کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ’’یہ ٹیم محض 11 کھلاڑیوں کی ٹیم نہیں بلکہ پورے ملک کی ٹیم تھی۔‘‘ پاکستان کی نیشنل ٹیم میں اپنے مستقبل کے حوالے سے ہونے والے قیاس آرائیوں کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ’’کل کیا ہوگا، کون میرے بارے میں کیا کہتا ہے، کون نہیں کہہ رہا۔ خدا کی قسم مجھے کسی کی پرواہ نہیں ہے‘‘۔ اپنے مختصر ویڈیو پیغام میں پاکستان کی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ ’’میں آپ کو جوابدہ ہوں‘‘۔  ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی ناکامی پر آفریدی نے قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا: ’’میں، شاہد آفریدی آپ سے، پوری عوام سے معافی چاہتا ہوں۔ کیونکہ جو اُمیدیں آپ کو مجھ سے، میری ٹیم سے تھیں، میں اُن پر پورا نہیں اتر سکا۔‘‘ آفریدی کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کہہ چکے ہیں کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء کے بعد کپتان نہیں رہیں گے۔

پاکستانی کپتان ثناء میر مستعفی
لاہور ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان ثناء میر نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ہندوستان میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے بعد پاکستانی ٹیم کی کپتان ثناء نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ثناء کی جانب سے بتایا گیا کہ انہوں نے یہ فیصلہ پہلے ہی کر لیا تھا۔ اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ثناء میر ونڈے ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گی۔