کراچی۔6 فروری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص فیلڈنگ دل کا روگ بن گئی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی فٹنس اور فیلڈنگ کو انتہائی ناقص قرار دے دیا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف بدترین شکست میں ٹیم کی خراب فٹنس اور فیلڈنگ کا بھی بڑا ہاتھ تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف دو، صفر اور آسٹریلیا کیخلاف تین ،صفر سے شکست کی ہزیمت کا سامنا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی سب سے مایوس کن بات فٹنس اور فیلڈنگ کا معیار ہے جو دیگر ٹیموں سے بہت خراب ہے۔ اگر میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ہے تو کھلاڑیوں کو گیند پھینکنا ، پکڑنا ، روکنا سکھانا ہو گا کیونکہ انہیں یہ کبھی نہیں سکھایا گیا ،اس لئے ان کی تکنیک بھی ناقص ہے۔ انہوں نے کہا کہ خراب فیلڈنگ کی وجہ سے ہدف تک پہنچنا بھی نا ممکن ہو جاتا ہے اور آسٹریلیا کیخلاف ونڈے سیریز کے زیادہ تر میچوں میں ایسا ہی ہوا۔
ایک سوال پر مکی آرتھر نے بتایاکہ ٹیم پر بہت زیادہ تنقید درست نہیں کیونکہ وہ بہتر سمت کی جانب گامزن ہیں۔ وہ کوچنگ کی ذمہ داری کو سنبھالنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے کھیل کا معیار بلند کرنے پر کام کر رہے ہیں جبکہ کھلاڑیوں کو بھی اندازہ ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں کھیلنے کیلئے کیسا معیار درکار ہونا چاہئے جس کو پانے کیلئے وہ بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کیلئے رویہ ، فٹنس،تکنیک اور مضبوط ذہن سب درکار ہوتاہے۔