کراچی ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان انڈر 19ٹیم کی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی پر کراچی میں جشن منایا گیا۔ سابق کھلاڑیوں نے کہا کہ پاکستانی انڈر19ٹیم اس کامیابی کی حقدار تھی۔ٹسٹ کرکٹر اقبال قاسم نے کہا کہ کھلاڑیوں نے عوام کو ایسے وقت کامیابی کا تحفہ دیا ہے جب ہر طرف سے بری خبریں آرہی ہیں۔سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو نے پاکستانی کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لئے اچھی خبر ہے۔
بگ تھری میں شامل ایک ملک کو شکست دیکر پاکستان نے ثابت کر دکھایا کہ وہ آج بھی دنیا کی صف اول کی ٹیم ہے۔پاکستان ٹیم کے کوچ معین خان،آل راونڈر شاہد آفریدی نے اس شاندار فتح پر پوری ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔پاکستان کی کامیابی پر کراچی میں کئی جگہوں پر مٹھائیاں تقسیم ہوئیں اور نوجوان نعرے بازی کرتے رہے۔پاکستان کو انڈر19ورلڈ کپ جتوانے والے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ہم نے سات سال پہلے کولمبو میں ہندوستان کو غیریقینی صورتحال میں شکست دی تھی اور انگلینڈ کے خلاف بھی نوجوان کھلاڑیوں نے ایسے ماحول میں کامیابی حاصل کی جب پاکستانی ٹیم کیلئے کامیابی کا نشانہ مشکل دکھائی دے رہا تھا۔