پاکستان کی سری لنکا کیخلاف 10 وکٹس سے کامیابی

گالے۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) لیگ اسپنر یاسر شاہ نے کریر کا بہترین 7/76 مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو سری لنکا کے خلاف 10 وکٹس سے شاندار کامیابی دلائی۔ اس طرح 3 ٹسٹ میچس کی سیریز میں پاکستان نے پہلا ٹسٹ جیت کر سبقت حاصل کرلی ہے۔ یاسر نے سری لنکا کے بیٹسمین کو پوری طرح باندھے رکھا اور یکے بعد دیگرے وکٹس لیتے رہے جس کے نتیجہ میں ساری ٹیم دوسری اننگز میں چائے کے وقفہ سے عین قبل صرف 206 رنز ہی بنا سکی۔ ٹسٹ کا آج پانچواں اور آخری دن تھا۔ پاکستان کو کامیابی کیلئے 90 رنز کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا اور اس نے 11.2 اوورس میں یہ نشانہ پورا کرلیا۔ محمد حفیظ 46 پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ احمد شہزاد 43 رنز بنائے۔ یہ پاکستان کی 2006ء میں کینڈی میں 8 وکٹس سے جیت کے بعد سری لنکا کے خلاف پہلی ٹسٹ کامیابی رہی۔ دوسرا ٹسٹ کولمبو میں جمعرات سے شروع ہورہا ہے۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 96-5 پر لڑکھڑانے کے بعد اننگز کو سنبھالا اور حالانکہ پہلے دن کا کھیل ختم ہوچکا تھا اور دوسرے دن بھی صرف 64 اوورس کی بولنگ ہوئی۔

اوپنر دیموتھ کرونارتھنے نے سب سے زیادہ 79 رنز بنائے۔ لہیرو تھیرامنے نے 44 اور چندیمل آخری بیٹسمین رہے جنہوں نے 38 رنز بنائے باقی دیگر بیٹسمین پاکستانی بولنگ کے آگے ناکام ثابت ہوئے۔ 29 سالہ یاسر نے سری لنکا کی بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کردیا اور ایک مرحلے پر جبکہ ٹیم کا اسکور 167/5 تھا، آخری پانچ کھلاڑی صرف 39 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ سری لنکا نے کل رات کے اسکور 63-2 کو لنچ تک آگے بڑھاکر 144-4 کردیا لیکن بعد کے سیزن میں 6 وکٹس ڈرامائی طور پر گرگئے۔میزبان ٹیم کے نائٹ واچ مین دلروون پریرا کو آج پہلی ہی گیند پر یاسر نے کلین بولٹ کیا۔ اس کے بعد بائیں ہاتھ کی جوڑی کرونارتنے اور تھریمنے نے چوتھی وکٹ کی رفاقت کیلئے 69 رنز جوڑے۔ ایسے وقت جبکہ میزبان ٹیم صرف 15 رنز سے آگے تھی، بائیں بازو کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے تھریمنے کو آؤٹ کیا اور پہلی سلپ پر یونس خان نے ان کا کیچ لیا۔ کپتان انجیلو میتھیوز کو متنازعہ طور پر ٹی وی ایمپائر نے آؤٹ قرار دیا۔