پاکستان کی دوسری اننگز میں بھی اچھی بیٹنگ، اظہر کی سنچری

ٹانٹن ، 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے اظہر علی کی شاندار بلے بازی کی بدولت سومرسٹ کے خلاف دوسری اننگز میں 236 رنز بنا کر مجموعی طور پر 468 رنز کی برتری حاصل کرکے اپنی پوزیشن مستحکم کردی۔ پہلے ٹور میچ کے آج تیسرے و آخری روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کا اسکور 140/4 تھا، اظہر علی 50 اور اسد شفیق 26 رنز پر کھیل رہے تھے۔ اظہراور اسد نے پاکستان کے اسکور کو 236 رنز تک پہنچادیا۔ اظہر نے اپنی سنچری جبکہ اسد نے نصف سنچری مکمل کی۔ پاکستان نے دوسری اننگز بھی ڈیکلیر کی۔ اظہر 101 اور اسد 69 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ سومرسٹ نے پاکستانی بولنگ کے خلاف 47 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ اور 468 کے پہاڑ جیسے ٹارگٹ پر تادم تحریر 145/2 اسکور کئے تھے۔ اوپنر مارکوس ٹرسکوتھک 93 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

انڈر 14 فٹبال ٹورنمنٹ
حیدرآباد ، 5 جولائی (ای میل) فرینڈز کلب بلارم انڈر 14 بوائز فٹبال ٹورنمنٹ منعقد کررہا ہے۔ یہ دو روزہ ایونٹ لاس ویگاس ٹرف گراؤنڈز، نزد سچترا سرکل، بوئن پلی (اسپنسرز کے قریب) منعقد کیا جائے گا۔ یکم جنوری 2002ء کو یا اس کے بعد کی پیدائش والے لڑکے حصہ لینے کے اہل ہیں۔ کھلاڑیوں کو اپنے صداقت نامہ پیدائش تصدیق کیلئے ساتھ لانے ہوں گے۔ محدود ٹیموں کی گنجائش ہے جنھیں پہلے آؤ پہلے پاؤ کی اساس پر شرکت کا موقع دیا جائے گا۔ خواہش مند ٹیمیں رجسٹریشن و دیگر تفصیلات کیلئے سائناتھو ریڈی (9866128999) یا اسٹیفن زاویئر (8977305902) سے ربط پیدا کریں۔