پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی

جموں ۔ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع سامبا میں بین الاقوامی سرحد کے قریب پاکستانی رینجرس نے آج بی ایس ایف پٹرول پارٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں بی ایس ایف کا ایک جوان ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ بی ایس ایف کی جوابی فائرنگ میں پاکستان کے چار رینجرس ہلاک ہوگئے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان نے جنگ بندی کی یہ دوسری مرتبہ خلاف ورزی کی تھی۔ انسپکٹر جنرل بی ایس ایف جموں فرنٹیئر راکیش شرما نے کہا کہ سامبا سیکٹر کے سچتے گڑھ میں بین الاقوامی سرحد کے قریب بی ایس ایف پٹرولنگ پارٹی پر زبردست فائرنگ کی جس میں بی ایس ایف کا ایک جوان ہلاک ہوگیا۔ انسپکٹر جنرل راکیش شرما نے کہا کہ بی ایس ایف کے سپاہی معمول کے مطابق گشت میں مصروف تھے کہ انہیں پاکستانی رینجرس نے نشانہ بنایا۔ مہلوک جوان کی شناخت سری رام گوریا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ایک دوسرا جوان معمولی طور پر زخمی ہوا ہے۔ شرما اس مقام پر پہنچ چکے ہیں اور کارروائی کی نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف سپاہی مورچے سنبھال چکے ہیں اور پاکستانی رینجرس کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں جس کے نتیجہ میں فائرنگ کا بھاری تبادلہ جاری ہے۔کتھوا اور سامبا کے دیگر علاقوں میں فائرنگ ہوئی ہے ۔