پاکستان کی افغانستان کیخلاف سنسنی خیز کامیابی

ابو ظہبی۔22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سوپر 4 مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو3 وکٹوں سے سنسنی خیز شکست دی۔ افغانستان نے پاکستان کو کامیابی کیلئے 258 رنز کا نشانہ دیا تھا۔ پاکستان نے49.3 اوورز میں 7وکٹوں پر یہ حاصل کر لیا۔ شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے جیت میں اہم کردار ادا کیا اورآخری اوورس میں درکار 10 رنز 3 گیندوں پر بھی بنائے جبکہ وہ اپنی اننگز میں 51 رنز بنا کرناٹ آوٹ رہے انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا سست آغاز کیا ،31 رنز پر اس کی 2 وکٹیں گرگئیں۔محمد شہزاد نے 20اور احسان اللہ نے 10رنزبنائے۔ حشمت اللہ شاہدی اور رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز کی شراکت فراہم کی۔ رحمت شاہ 36 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔کپتان اصغر افغان اور حشمت اللہ شاہدی کے درمیان شاندار 94 رنز کی شراکت قائم ہوئی ۔اصغر افغان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے5چھکوں کی مددسے 67 رنز بنائے۔ حشمت اللہ بدقسمتی سے سنچری مکمل نہیں کرسکے انہوں نے 97 رنز ناٹ آوٹ بنائے۔افغانستان نے6وکٹوںپر 257رنزبنائے۔ محمد نواز نے 3، شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے حصول کیلئے فخرزمان ایک بار پھر ناکام ہوئے اور6گیندیں کھیل کرصفر پر آوٹ ہو گئے۔انہیں مجیب الرحمان نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔ بابر اعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کر اسکور کو154رنز تک پہنچایا۔اس موقع پر امام الحق80 رنز بنا کر رن آوٹ ہوگئے۔بابر اعظم نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 66رنز بنائے۔