پاکستان کیلئے آج آئرلینڈ کے خلاف کامیابی ضروری

اڈیلیڈ۔14مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کا پول بی میچ میں کل آئرلینڈ سے مقابلہ ہوگا اور کوارٹر فائنل میں رسائی کیلئے اسے یہ میچ جیتنا ضروری ہے ۔ فائنل لیگ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم ہی کوارٹر فائنل میں پہنچ سکے گی جب کہ شکست خوردہ ٹیم کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہوگا ۔ ویسٹ انڈیز کا کل یو اے ای سے مقابلہ ہوگا اور اگر ٹیم یہ میچ جیت جاتی ہے تو 6پوائنٹس کے ساتھ وہ پاکستان اور آئرلینڈ کی سطح پر آجائے گی اور کوارٹر فائنل میں رسائی کا امکان بھی برقرار رہے گا ۔ دفاعی چمپئنس ہندوستان اور جنوبی افریقہ پہلے ہی اس ٹیبل میں ابتدائی دو مقامات حاصل کرچکے ہیں ۔ معاون میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھی پول اے میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ کوالیفائی ہوچکے ہیں۔ پاکستان ڈریسنگ روم میں یقیناً 2007ء ورلڈ کپ کی یادیں تازہ ہوگئی ہوں گی جس وقت آئرلینڈ نے تقریباً 8سال قبل پاکستان کو غیر متوقع طور پر شکست دی تھی ۔ یہ میچ اس وقت انضمام الحق کیلئے کافی مہنگا ثابت ہوا ‘ یہی نہیںبلکہ اس شکست کے دوسرے دن کوچ باب وولمر کی نعش ہوٹل کے کمرے میں دستیاب ہوئی تھی ۔ اس کے بعد سے دونوں ٹیمیں اب تک چار ونڈے میچس کھیل چکی ہیں جن میں پاکستان نے تین میں کامیابی حاصل کی اور چوتھا مقابلہ برابری پر ختم ہوا ۔ جاری ورلڈ کپ میں پاکستان کی شروعات بہتر نہیں رہی اور اسے متواتر ہندوستان و ویسٹ انڈیز کے مقابلہ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن بعد کے تین میچس میںمصباح الحق کی ٹیم نے اچھی واپسی کرتے ہوئے زمبابوے ‘یو اے ای اور ساؤتھ افریقہ کے خلاف کامیابی حاصل کی ۔