پاکستان کیساتھ مشترکہ فوجی مشقیں، مودی حکومت پر کانگریس کی تنقید

نئی دہلی ،28اگست (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس نے شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن کی انسداددہشت گردی سے متعلق مشق میں پاکستان کے ساتھ ’مشترکہ فوجی مشق ‘کرنے پر مودی حکومت پر تنقید کی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ہندستانی فوج کی ٹکڑی نے منگل کے روزروس کے چیبرکل میں جاری شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن کی انسداددہشت گردی مشق میں دیگر ملکوں کے ساتھ حصہ لیا۔اس فوجی مشق میں چین ،روس ،قزاخستان ،تاجکستان ،کرغزستان اور پاکستان بھی حصہ لے رہے ہیں ۔سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اے آئی سی سی کے میڈیا انچارج رندیپ سرجے والانے کہاکہ مودی جی !آپ دہشت گردی کے شکار ہزاروں لوگوں کی توہین کرکے اور پاکستان کو پاک صاف قراردیکر قومی کاز کو نقصان پہنچانے پر کیوں تلے ہوئے ہیں ۔پہلے آپ نے پٹھان کوٹ میں تفتیش کے لئے آئی ایس آئی کو دعوت دی ، اور اب دہشت گردی کی ماں ،پاکستانی فوج کے ساتھ انسداددہشت گردی کے تعلق سے مشترکہ فوجی مشق کررہے ہیں۔