نئی دہلی ، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے آج ظاہر طور پر انڈو۔پاک کرکٹ روابط کے عاجلانہ احیاء کو خارج از امکان قرار دے دیا، جس کا پس منظر گرداسپور دہشت گردانہ حملہ ہے جس میں سرحد پار کے عسکریت پسند ملوث مانے جارہے ہیں۔ دونوں اقوام کے درمیان باہمی کرکٹ روابط کا اس سال کے ختم پر احیاء کی باتیں ہورہی تھیں لیکن بی سی سی آئی سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ اس طرح کے حالات میں یہ شاید ممکن نہ ہو۔ خصوصیت سے پوچھنے پر کہ آیا ہندوستان اور پاکستان کرکٹ روابط کا احیاء کرسکتے ہیں، ٹھاکر نے سخت لہجہ اپنایا اور کہا کہ فی الحال یہ ممکن نہیں ہے۔ انھوں نے ایک ٹی وی چیانل کو بتایا، ’’پہلے بھی اس طرح کا کوئی فیصلہ نہیں تھا کہ یہ سیریز منعقد کی جائے گی۔ صرف پی سی بی نے بی سی سی آئی سے رابطہ کیا تھا۔ ہم اس تعلق سے بات چیت کررہے تھے لیکن جب آپ ہندوستان پر اس طرح کا حملہ بار بار دیکھتے ہو، جموں خطہ، اور اب پنجاب، جہاں ہندوستانیوں کی جانیں تلف ہورہی ہیں، ایک ہندوستانی کے ناطے مجھے اس ضمن میں (ہند۔ پاک کرکٹ روابط کا احیاء) کوئی امکان نظر نہیں آتا ہے‘‘۔ ہمیرپور ایم پی نے گرداسپور میں دہشت گردانہ حملہ کی مذمت کی، جہاں چھ اشخاص بشمول ایک ایس پی ہلاک ہوگئے ہیں۔ ٹھاکر نے واضح کردیا کہ جب تک صورتحال بہتر نہ ہوجائے، دونوں ایشیائی پڑوسی کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔ ’’میرے خیال میں ہم کرکٹ میدان پر قدم رکھنے سے قبل یہ اہم ہے کہ دونوں بورڈز اور دونوں ملکوں کے درمیان مسائل حل ہوجائیں۔‘‘