پاکستان کیخلاف سیریز : حکومت موقف واضح کرے : بی سی سی آئی

نئی دہلی ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے مرکزی حکومت سے درخواست کی ہیکہ وہ ہند ۔ پاک باہمی سیریز کے متعلق اپنا موقف واضح کرے۔ 2012ء کے بعد سے سیاسی کشیدگی کی وجہ سے ہند ۔ پاک باہمی سیریز نہیں ہو پارہی ہے۔ دریں اثناء بی سی سی آئی نے حکومت سے درخواست کی ہیکہ وہ پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز کے متعلق اپنا موقف واضح کرے۔ دنیا کی امیر ترین کرکٹ بورڈ چاہتا ہیکہ آئی سی سی کے سامنے باہمی سیریز کے مقدمہ کو پیش کرنے سے قبل حکومت کا واضح موقف معلوم کیا جائے کیونکہ پاکستان نے 2014ء میں باہمی سیریز کے معاہدہ کی خلاف ورزی پر 70 ملین امریکی ڈالر کے ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔ بی سی سی آئی نے وزارت اسپورٹس کو تحریر کردہ اپنے حالیہ مکتوب میں لکھا ہیکہ بی سی سی آئی اس بات پر مشکور ہوگی کہ ہندوستانی حکومت پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز اور کرکٹ تعلقات کے ضمن میں اپنی پالیسی اور موقف کو واضح کرے۔ حالیہ ای میل کے ضمن میں استفسار پر بی سی سی آئی کے عہدیدار نے پی ٹی آئی سے کہا کہ یہ بی سی سی آئی کا ایک معمول کے مطابق رابطہ تھا اور یہ ہماری ڈیوٹی ہیکہ ہم باہمی سیریز کے متعلق حکومت کی اجازت حاصل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز کیلئے اجازت حاصل کرنا ہمارا کام ہے۔ تاہم اجازت دینا یا نہ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ یاد رہے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہندوستان کے خلاف باہمی سیریز کے معاہدہ کی پاسداری نہ کرنے کے خلاف آئی سی سی سے رجوع ہوتے ہوئے 70 ملین امریکی ڈالرس کے ہرجانہ کا مطالبہ کیا ہے جس پر بی سی سی آئی حکومت کا واضح موقف جاننا چاہتا ہے۔