پاکستان کیخلاف بنگلہ دیش کا ونڈے میں اعظم ترین اسکور 326/3

میرپور ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایشیاء کپ 2014ء میں پاکستانی بولروں کی جم کر پٹائی کرتے ہوئے بنگلہ دیشی ٹیم نے ونڈے کرکٹ میں اپنا اعظم ترین اسکور بنا لیا ہے جیسا کہ یہاں منعقدہ مقابلہ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور اوپنرس انعام الحق کے ہمراہ عمرالقیس کی جانب سے پہلی وکٹ کیلئے بنائے جانے والے 150 رنز کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے میزبان ٹیم نے 50 اوورس میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز اسکور کئے ہیں۔ 3 مقابلوں کی پابندی کے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے شکیب الحسن صرف چند رنز کی کمی سے ونڈے کی تیز ترین نصف سنچری بنانے سے محروم رہے جیسا کہ انہوں نے 16 گیندوں میں 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 44 ناٹ آوٹ رنز بنائے۔ ونڈے میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ سری لنکا کے سابق کپتان سنت جئے سوریا کے نام درج ہے

جنہوں نے 17 گیندوں میں نصف سنچری اسکور کی تھی۔ قبل ازیں انعام الحق نے اپنے ونڈے کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو ایک بہترین شروعات فراہم کی۔ جیاسا کہ انہوں نے 132 گیندوں میں 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے۔ دوسرے اوپنر عمرالقیس نے 75 گیندوں میں 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 59، نمبر 3 پر مؤمن الحق نے 47 گیندوں میں 51 رنز اسکور کرتے ہوئے آوٹ ہونے والے تیسرے بیٹسمین بنے۔ کپتان مشفق الرحیم نے 33 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس مقابلہ کیلئے بنگلہ دیش نے اپنے قطعی 11 کھلاڑیوں میں 5 تبدیلیاں اور پاکستان نے زخمی شرجیل کے مقام پر فواد عالم اور فاسٹ بولر جنید خان کے مقام پر اسپنر عبدالرحمن کو شامل کیا تھا لیکن عبدالرحمن متواتر 3 نو بالس میں 8 رنز دیکر بولنگ کیلئے نااہل قرار دیئے گئے۔ سعید اجمل نے 16 رنز کے عوض دو اور محمد طلحہ نے 7 اوورس میں 68 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔