پاکستان کیخلاف اننگز میری اہم ترین کارگزاری : واٹسن

ملبورن ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی آل راؤنڈر شین واٹسن نے آج کہا کہ ورلڈ کپ کوارٹرفائنل میں پاکستان کے خلاف اُن کے 64 ناٹ آؤٹ رنز کی اُن کے او ڈی آئی کیریئر کی ’’نہایت اہم اننگز‘‘ ہے کیونکہ وہ بس ’’خوش قسمت‘‘ رہے کہ وہاب ریاض کے دشمنانہ اسپل کے مقابل بچ گئے۔ واٹسن اس ٹورنمنٹ میں بہتر فام کے ساتھ نہیں آئے، لیکن آسٹریلیا کیلئے ناک آؤٹ مراحل میں اہم عنصر ثابت ہوئے جبکہ میزبانوں نے گزشتہ روز اپنی پانچویں ورلڈ کپ ٹروفی جیت لی۔ ٹیم کی فتح کے جشن کے تحت شہر کے فیڈریشن اسکوائر میں میڈیا سے گفتگو میں پُرجوش واٹسن نے کہا، ’’میں سمجھتا ہوں کہ اُس اسپل کے ایک دو خطرناک اوورز میں بچ گیااور میرے خیال میں یہ میری او ڈی آئی کرکٹ میں سب سے اہم اننگز ہوئی۔‘‘