پاکستان کو کامیابی کیلئے آج 7 وکٹیں درکار

دبئی ۔10اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیا کے خلاف یہاں رواں پہلے ٹسٹ کے آخری دن کامیابی کیلئے پاکستان کو 7 وکٹیں درکار ہیں جبکہ مہمان آسٹریلیائی ٹیم کو کامیابی کیلئے ہنوز 326 رنز کا ہمالیائی اسکور عبور کرنا ہے۔ چوتھے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیائی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنالئے ہیں۔ حالانکہ دونوں اوپنرس نے مقابلے میں متواتر دوسری مرتبہ نصف سنچری کی پارٹنرشپ نبھائی۔ آرون پنچ 49 رنز بناکر جس وقت آؤٹ ہوئے، اس وقت آسٹریلیائی ٹیم نے پہلی وکٹ کیلئے 87 رنز اسکور کرلئے تھے لیکن آئندہ ایک رن سے قبل پاکستانی ٹیم کو مزید 2 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 87/3 رنز تک محدود کردیا تھا، تاہم عثمان خواجہ (50) اور ہیڈ (34) نے مزید کوئی وکٹ گنوائے دن کا اختتام کیا۔ پاکستان کیلئے تینوں وکٹیں محمد عباس نے حاصل کئے۔قبل ازیں پاکستان نے دوسری اننگز 181 رنز پر ڈیکلیئر کرکے آسٹریلیا کو کامیابی کے لیے 462 رنز کا ہدف دے دیا۔ دبئی میں کھیلے جارہے ٹسٹ کے چوتھے روز آغاز ہوا تو پاکستان کا اسکور 3 وکٹوں پر 45 رنز تھا تاہم امام الحق اور حارث سہیل نے اسکور کو مزید آگے بڑھایا اور دوسری اننگز میں ٹیم کی سنچری مکمل کروائی۔ امام الحق اور حارث سہیل 110 کے اسکور پر آوٹ ہوئے اور دونوں نے بالترتیب 48 اور 39 رنز بنائے۔اسد شفیق اور بابر اعظم نے پاکستان کی برتری مزید بہتر بناتے ہوئے اسکور کو 181 رنز تک پہنچایا تاہم اسد شفیق 41 رنز بنا کر لایون کی گیند پر آوٹ ہوئے جس کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے 461 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا کو ایک مشکل ہدف دیا۔ بابراعظم نے ناٹ آوٹ 28 رنز بنائے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے ہولینڈنے 3 اور ناتھن لایون نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔خیال رہے کہ پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم عثمان خواجہ اور ارون فنچ کی 142 رنز کی بہترین اوپننگ شراکت کے باوجود 202 رنز پر آوٹ ہوگئی ۔ پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹسٹ کھیلنے والے بلال آصف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کی تھیں اور محمد عباس نے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔