پاکستان کو چمپینس ٹروفی کوالیفکیشن کیلئے اوسط ٹارگٹ

کولمبو ، 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کو چمپینس ٹروفی کیلئے کوالیفائی ہونے سری لنکا کے خلاف آج یہاں چوتھا ڈے؍ نائٹ او ڈی آئی جیتنے کیلئے 257 کا اوسط ٹارگٹ مقرر ہوا جبکہ انجیلو میتھیوز کی میزبان ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 256/9 تک محدود رہی۔ اظہر علی زیرقیادت پاکستانی ٹیم اگر آج کامیاب ہوجائے تو وہ باوقار چمپینس ٹروفی کیلئے کوالیفائی ہوجائے گی۔ میزبانوں نے نصف سے زائد اننگز میں بہتر کھیلا جبکہ 31 ویں اوور میں ان کا اسکور 143/2 تھا
جہاں کپتان انجیلو (12) کو راحت علی نے یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ کرایا تو پاکستان کے حق میں بازی پلٹتی نظر آئی۔ اور میزبانوں کو مقررہ پچاس اوورز میں 256/9 پر اکتفا کرنا پڑا۔ اوپنر کوشل پریرا اگرچہ صفر پر آؤٹ ہوگئے لیکن دیگر اوپنر تلک رتنے دلشان (50) اور تین نمبر کے لہیرو تھریمانے (90) نے ہاف سنچریاں اسکور کئے۔ ان کے علاوہ دیگر کسی بیٹسمن نے قابل قدر رنز نہیں بنائے۔ وکٹ کیپر بیٹسمن دنیش چندیمل نے 20 رنز جوڑے۔ طویل قامت لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عرفان 3/50 کے ساتھ کامیاب ترین بولر ثابت ہوئے جبکہ انور علی نے دو وکٹ لئے ۔ راحت، یاسر اور عماد وسیم کو فی کس ایک وکٹ ملی۔