جمعرات , دسمبر 12 2024

پاکستان کو پہلے ٹوئنٹی 20میں بھی شکست

دبئی14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پہلے ٹوئنٹی 20 میں نو وکٹ سے شرمناک شکست دی۔ پاکستانی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورس میں 98 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور حریف ٹیم نے کامیابی کا نشانہ ایک وکٹ کے نقصان پر 15 ویں اوور میں پورا کرلیا۔کوئنٹن ڈی کوک 48 اور فاف ڈوپلیسی 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہاشم آملا 13 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمین رہے۔ قبل ازیں پاکستان کے چار بیٹسمین کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹوئنٹی 20میچ میں پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں 98رن بنائے اور جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لیے 99رنز کا نشانہ دیا۔ پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز صہیب مقصود اور احمد شہزاد نے کیا۔ اس میچ میں بھی پاکستان کا آغاز بدترین انداز میں ہوا اور چار کے مجموعی اسکور پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے ۔اس میچ میں عمر اکمل کے 49رنز نے پاکستان کو ایک بڑی شرمندگی سے بچالیا ۔عمر کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی میدان میں نہ ٹھہر سکا۔جنوبی افریقہ کی طرف سے پہلا اوور سوٹسوبے نے کیا اور پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر احمد شہزاد کو آؤٹ کر دیا۔ احمد شہزا د کے آؤٹ ہونے کے بعد شاہد آفریدی کھیلنے آئے ۔اس کے بعد ونڈے میچوں میں مسلسل دو نصف سنچری اسکور کرنے والے صہیب مقصود آؤٹ ہو گئے۔ جن کے بعد کپتان محمد حفیظ بھی پویلین لوٹ گئے۔ حفیظ اور مقصود دونوں کی وکٹیں ڈیل اسٹین نے لیں۔ اسٹین نے آخری ونڈے میچ میں بھی پانچ پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔مقصود کے بعد حفیظ میدان میں آئے تھے اور اسٹین کی صرف دو گیندوں کا سامنا کر سکے۔ حفیظ کئی مرتبہ اسٹین کا نشانہ بن چکے ہیں اور اس مربتہ بھی اسٹین نے ہی ان کو واپسی کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد شاہد آفریدی ایک مرتبہ پھر باونسر کو گراؤنڈ سے باہر پہنچانیکی کوشش میں کیچ آوٹ ہو گئے۔ شاہد آفریدی نے صرف دس رن بنائے۔ عبدالرزاق آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی تھے اور اس کے فوراً بعد سہیل تنویر بھی آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان نے اس میچ میں شعیب ملک اور عبدالرزاق کی ٹیم میں شامل کیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT