پاکستان کو شکست ،ہندوستانی ہاکی ٹیم کو برونز میڈل

جکارتہ ۔یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی ہاکی ٹیم نے آج یہاں 18 ویں ایشن گیمز میں کٹر حریف پاکستان کو شکست دیکر ہاکی زمرے کا برونز میڈل حاصل کرلیا۔ہندوستانی ٹیم نے برونز میڈل کے مقابلے میں کٹرحریف پاکستان کو 2-1 گولس سے شکست دے کر 69 ویں میڈل حاصل کر لیا۔ ملائشیا کے خلاف سیمی فائنل میں دل توڑنے والی شکست کے بعد ہندوستان نے آج آٹھ مرتبہ کی چمپیئن پاکستان کو برونزمیڈل کے مقابلے میں شکست دی۔ قبل ازیں ہندوستان اور پاکستان کوسیمی فائنلز میں شکست ہوئی جس کی وجہ سے یہ دونوں ہی ٹیمیں 2020 اولمپکس میں راست رسائی سے محروم ہوگئی ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آخری مقابلہ چمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنمنٹ میں کھیلا گیا تھا جہاں ہندوستان نے پاکستان کو4-1 سے شکست دی تھی لیکن اس ٹورنمنٹ میں ہندوستان کو خطابی مقابلے میں آسٹریلیا کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ہندوستان کے لئے پہلا گول 3 منٹ میں ہی اکشدیپ سنگھ نے بنایا جبکہ فیصلہ کن گول ہرمن پریت سنگھ نے 50 ویں منٹ میں بناکر ہندوستانی ہاکی ٹیم کے نام ایک اورمیڈل درج کیا۔پاکستان کے لئے واحد گول محمدعتیق نے بنایاتاہم یہ گول ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکا۔