آج سے دوسرا ٹسٹ
میرپور۔ 5 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دورۂ بنگلہ دیش سے خالی ہاتھ نہ آنے کا آخری موقع دوسرے اور آخری ٹسٹ میں مل رہا ہے جو کل چہارشنبہ سے یہاں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم اس دورے میں ابھی تک کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی۔اس کی ناکامیوں کا آغاز فتح اللہ میں منعقدہ پریکٹس میچ میں ایک وکٹ کی شکست سے ہوا تھا جس کے بعد بنگلہ دیش نے تینوں ونڈے انٹرنیشنل میچوں میں اسے بری طرح ہرایا ۔ اس دورے کا واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی پاکستانی ٹیم سات وکٹوں سے ہاری۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کُھلنا میں کھیلا گیا پہلا ٹسٹ ڈرا ہوا اور یہ پہلا موقع رہا کہ بنگلہ دیشی ٹیم نو ٹسٹ میچوں میں پاکستان سے نہیں ہاری۔بنگلہ دیش کی اس شاندار کارکردگی میں اوپنر تمیم اقبال کا کردار نمایاں رہا ہے جنھوں نے ونڈے سیریز میں دو سنچریاں بنائیں اور پھر کُھلنا ٹسٹ میں کسی بھی بنگلہ دیشی بیٹسمین کی بہترین انفرادی اننگز کھیلی۔ تمیم نے اس اننگز میں 206 رنز اسکور کئے اور امرالقیس کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 312 رنز بنا ڈالے جو بنگلہ دیش کی ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ بھی ہے۔ دوسرے ٹسٹ میں مصباح الحق زیرقیادت پاکستانی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان بظاہر دکھائی نہیں دیتا اور آف اسپنر سعید اجمل کا اس میچ میں بھی کھیلنے کا امکان نہیں۔فٹنس کے مسائل سے دوچار پاکستانی ٹیم اس دورے میں سہیل خان، احسان عادل اور راحت علی کی خدمات سے محروم ہوئی ہے جس کی وجہ سے پاکستان اے کے ساتھ سری لنکا کا دورہ کرنے والے فاسٹ بولر بلاول بھٹی ڈھاکہ بلائے گئے ہیں۔بنگلہ دیشی فاسٹ بولر روبیل حسین بھی اَن فٹ ہوگئے ہیں جبکہ کپتان مشفق الرحیم کی انگلی بھی زخمی ہے اور کُھلنا ٹسٹ میں ان کی جگہ امرالقیس اور محمود اللہ نے وکٹ کیپنگ کی تھی۔میزبان وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم کی بنگلہ ٹیم نے گزشتہ دنوں پاکستان کیخلاف تاریخی کارکردگی پیش کی ہے اور وہ بلاشبہ کل کے ٹسٹ میں بھی اُسے برقرار رکھنے کوشاں ہوں گے۔