پاکستان کو آج 6 وکٹیں اور آسٹریلیا کو 379 رنز درکار

دوبئی 25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹیم کے سینئر بیٹسمین یونس خان کی متواتر دوسری اور اوپنر احمد شہزاد کی سنچریوں کی بدولت پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف یہاں پہلے ٹسٹ میں کامیابی کے قریب پہونچ چکی ہے۔ جیسا کہ چوتھے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیائی ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز اسکور کرلئے ہیں لیکن اِسے کامیابی کے لئے ہنوز 379 رنز درکار ہیں۔ جبکہ میزبان ٹیم کامیابی سے محض 6 وکٹیں دور ہے۔ آسٹریلیائی اوپنرس ڈیوڈ وارنر اور کریس راجرس نے دوسری اننگز کا بہتر آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لئے 44 رنز بنائے لیکن ڈرامائی انداز میں ذوالفقار بابر نے ایک اوور میں دو وکٹیں اور پھر یاسر شاہ نے ایک اوور میں دو وکٹیں حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو پریشان کردیا ہے۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں وارنر (29) ، ڈولن (0) ، مائیکل کلارک (3) اور نائٹ واچ مین نیتھن لین (0) شامل ہیں۔ قبل ازیں پاکستانی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 286/2 پر ڈکلیر کردی جیسا کہ احمد شہزاد نے 233 گیندوں میں 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 131 جبکہ یونس خان نے 152 گیندوں میں 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 103 رنز اسکور کئے ہیں جبکہ پہلی اننگز میں بھی وہ 106 رنز کی شاندار اننگز کھیل چکے ہیں۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں اظہر علی جنھوں نے اننگز کا آغاز کیا تھا وہ 65 گیندوں میں 30 رنز بنائے۔