لیڈز۔2 سپٹمبر(سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ونڈے سیریز کے چوتھے میچ میں 4 وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ 0-4 کی برتری حاصل کرلی۔ لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 247 رنز بنائے تھے جس کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے گزشتہ میچ میں 171 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے الیکس ہیلز اور جیسن روئے نے بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن ٹیم میں واپسی کرنے والے محمد عرفان نے جیسن روئے کو 15 رنز پر آؤٹ کیا انھوں نے 14 رنزبنائے تھے۔محمد عرفان نے الیکس ہیلز کو وکٹوں کے پیچھے سرفرازاحمد کے ہاتھوں آؤٹ کرکے پاکستان کو دوسری کامیابی دلادی، ہیلز نے 8 رنز بنائے تھے اور اس وقت انگلینڈ کا اسکور 40 رنز تھا۔جوروٹ 30 رنز بنانے کے بعد محمد حسن کا شکار بنے ان کا کیچ محمدعرفان نے لیا جبکہ کپتان مورگن کو عمرگل نے خوبصورت گیند کرکے سلپ پر کھڑے شرجیل سے کیچ آؤٹ کروایا ۔ابتدائی نقصانات کے بعد اسٹوکس اور بیئراسٹو نے 103 رنز کی شراکت قائم کی۔اسٹوکس نے 69 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر باؤنڈری حاصل کرنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے لیکن بیئراسٹو نے معین علی کے ساتھ اپنی بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے ایک اور شراکت قائم کی جو 50 رنز پر مشتمل تھی تاہم225 کے اسکور پر وہ 61 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔انگلینڈ نے 48 اوورز کے اختتام پر6 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنا کر مقررہ ہدف عبور کر لیا
اور سیریز میں 0-4 کی واضح برتری حاصل کرلی۔معین علی 45 اورڈیوڈ ویلی 4 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 2، عمرگل، حسن علی اور عماد وسیم نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں پاکستان نے انگلینڈ کو سیریز کے چوتھے میچ میں جیت کے لئے 248رنز کا نشانہ دے دیا، اظہرعلی نے سب زیادہ 80 اور عماد وسیم نے آؤٹ ہوئے بغیر 57رنز بنائے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پہلی وکٹ 24 رنز پر گری جب شرجیل خان 16 رنز بنا کر کرس جارڈن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔سمیع اسلم 24 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم کپتان اظہرعلی نے بابراعظم کے ساتھ 49 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور کو 110 تک لے کر گئے لیکن بابر اعظم نے معین علی کی ایک آسان گیند پر غیرذمہ دارانہ شاٹ کھیلا اور 12 رنز جوڑ کر چلتے بنے۔شعیب ملک کی جگہ شامل کئے گئے محمد رضوان بھی غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 رنز بنائے تھے۔اظہر نے 5 چوکوں اور دوچھکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 3، معین علی اور کرس جارڈن نے فی کس2 وکٹیں حاصل کیں۔