کراچی۔28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی سابق آل راؤنڈر یاسرعرفات نے کہا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان رواں برس مئی اور جون میں ہونے والی دو میچوں کی ٹسٹ سیریز انگلینڈ کیلئے ایشز مقابلوں سے کم نہیں ہو گی۔ ایشز سیریز میں انگلینڈ بمقابلہ آسٹریلیا کی طرح پاکستان کیخلاف بھی انگلینڈ کے میچز حساسیت کے ساتھ کھیلے جاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ماحول بن جانے کے بعد بعض تنازعات بھی جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلش ٹیم سے ان کی سر زمین پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بہت زیادہ تیاریوں کے ساتھ میدان میں اترنا پڑتا ہے کیونکہ اپنی وکٹوں پر انگلش ٹیم سخت چیلنج ثابت ہوتی ہے لیکن انہوں نے میزبان ٹیم کو آگاہ کیا کہ وہ پاکستان کو آسان سمجھنے کی غلطی نہ کرے کیونکہ مہمان ٹیم کے پاس ایسے کرکٹرز موجود ہیں جو اپنی کارکردگی سے کسی کو بھی حیران کر سکتے ہیں۔ اپنے گھریلو میدانوں پر انگلش ٹیم کامیابی کیلئے پسندیدہ ہو گی لیکن پاکستان کو بھی اپنے فاسٹ بولنگ کی بدولت کمتر نہیں کہا جا سکتا اور خاص کر محمد عامر ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔