کراچی ۔ یکم ؍ فبروری (سیاست ڈا ٹ کام) آج پاکستان کے شورش زدہ صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں چار علمائے دین کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ تین مدرسے مہربند کردیئے گئے۔ اطلاعات ملی تھیں کہ عسکریت پسند تعلیمی اداروں پر نیا دہشت گرد حملہ کرنا چاہتے ہیں۔ دینی مدرسوں کو نئے ملک گیر دھاوؤں کے سلسلہ میں جو دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں پر کئے جارہے ہیں، مہربند کیا گیا ہے جبکہ 20 افراد جن میں سے بیشتر طلبہ تھے، باوقار باچہ خان یونیورسٹی پشاور پر حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ قبل ازیں دن میں ذرائع ابلاغ کی اطلاع میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پشاور میں 2014ء سے اب تک 182 دینی مدرسوں کو بند کردیا گیا ہے۔ دینی مدرسوں کے خلاف جو مبینہ طور پر انتہاء پسندی میں ملوث تھے، کارروائی کرتے ہوئے حکومت نے یہ اقدام کیا تھا۔