پاکستان کرکٹ کو بچائیں، نواز شریف سے وقار کی اپیل

اسلام آباد ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ ہندوستان میںجاری ورلڈ T20 میں نیشنل ٹیم کی ناقص کارکردگی کی رپورٹ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کو فراہم کر دی ہے ، جلد ہی یہ رپورٹ وزیر اعظم نواز شریف کو ارسال کر دی جائے گی اور اُن کی ملاقات وزیر اعظم سے عنقریب کرائی جائے گی۔ وقار نے محمد حفیظ کی انجری کے سوال پر جواب دینے سے انکار کر دیا۔ پاکستانی کوچ نے ٹٰیم کی ورلڈ ایونٹ میں ناقص کارکردگی پر مبنی رپورٹ وفاقی وزیر دیتے ہوئے وزیر اعظم سے بھی ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر کو وقار نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  اور سلیکشن کمیٹی میں جاری سیاست سے آگاہ کیا۔ ریاض پیرزادہ نے کہا کہ ہیڈ کوچ کی جمع کرائی گئی رپورٹ کو خفیہ رکھا جائے گا اور ان کی وزیر اعظم سے جلد ملاقات بھی کرائی جائے گی۔ وقار سے جب ٹیم کی ناقص کارکردگی اور حفیظ کی انجری کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔