پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے 2015ء مصروفیت کا سال

لاہور، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیا سال 2015ء پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے مصروف سال ثابت ہوگا۔ اگر ہندوستان کے ساتھ سیریز پروگرام کے مطابق ہوئی تو سال میں پاکستانی ٹیم کم از کم 26 ونڈے ،9 ٹسٹ اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ گزشتہ برس ’’بگ تھری‘‘ کی تشکیل کے موقع پر بورڈز کے درمیان طے شدہ فیوچر ٹوور پروگرام کے مطابق پاکستانی ٹیم سال میں تین بیرون ملک اور دو ہوم سیریز کے علاوہ کرکٹ ورلڈ کپ بھی کھیلے گی۔ سال کا آغاز پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف دو ونڈے میچز پر مشتمل بیرون ملک سیریز سے کرے گی جس کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ورلڈ کپ کھیلا جائے گا جہاں پاکستان کم از کم چھ ونڈے کھیلے گا۔ ورلڈ کپ کے بعد پاکستانی ٹیم اپریل کے وسط میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ اس سیریز میں دو ٹسٹ ، تین ونڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی شامل ہے۔ جون میں ٹیم پانچ ونڈے ، دو ٹسٹ اور دو ٹی ٹوئنٹی کھیلنے سری لنکا جائے گی ، جس کے بعد اکتوبر میں ٹیم انگلینڈ کے خلاف یو اے ای میں تین ٹسٹ ، پانچ ونڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کی میزبانی کرے گی۔ سال کے آخر میں پاکستان۔ ہندوستان سیریز ہونی ہے جس کی میزبانی پاکستان کرے گا ۔ یہ سیریز کہاں ہوگی، فی الحال طئے نہیں لیکن دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان اس سیریز میں دو ٹسٹ ، پانچ ونڈے اوردو ٹی ٹوئنٹی کھیلنے پر اتفاق ہو اہے۔