کراچی۔۔20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی مجوزہ ٹوئنٹی20 لیگ قطر میں کروانے پر غور شروع کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امارات کرکٹ بورڈ کے حکام کا سرد رویہ نئے مقام کو تلاش کرنے کی وجہ بن گیا ہے جو موجودہ حالات میں پاکستان کو زیادہ اہمیت نہیں دے رہے ہیں اور پی سی بی اس جدوجہد میں مصروف ہے کہ وہ کوئی اور مناسب مقام تلاش کرکے اپنے منصوبے کو حقیقت کا روپ دے ڈالے جسے دیکھا تو جا رہا ہے لیکن اس کی تعبیر نہیں مل رہی۔ پاکستان کی انٹرنیشنل ٹوئنٹی20 لیگ کے پراجکٹ ہیڈ سلمان سروربٹ کے علاوہ ایک اور سینئرعہدیدار عثمان واہلہ آئندہ سال فروری میں ٹوئنٹی20 لیگ کے انعقاد کو یقینی بنانے کی خاطر قطر کے شہر دوحہ جا پہنچے ہیں جہاں انہوں نے مختلف پہلوؤں سے دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا ہے۔ پی سی بی کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ انٹرنیشنل ماسٹرز لیگ کے منتظمین نے دبئی ،شارجہ اور ابوظہبی کے گراؤنڈز اپنے ایونٹ کیلئے بک کر لئے ہیں جس کی تاریخیں پی سی بی کی فرنچائز کی بنیاد پر شروع کی جانے والی لیگ سے متصادم ہیں اور اس سلسلے میں جب ماسٹرز لیگ کے منتظمین اور امارات کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا گیا تو ان کی جانب سے سرد رویہ دیکھنے میں آیا جنہوں نے مناسب جواب تک نہیں دیا۔ پی سی بی کا خیال تھا کہ مستقل میزبانی کرنے اور امارات کو دوسرا گھر سمجھنے کی وجہ سے انہیں اولین ترجیح دی جائے گی لیکن ای سی بی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اعتماد میں لئے بغیر ماسٹرز لیگ سے معاہدہ کر لیا۔ ماسٹرز لیگ کے ظفر شاہ اور امارات کرکٹ بورڈ حکام کا دعویٰ ہے کہ پی سی بی نے تاخیر کر دی کیونکہ ان کا معاہدہ پہلے ہی طے ہو چکا تھا اور وہ ایونٹ کیلئے آئی سی سی سے اجازت بھی لے چکے تھے۔