پی سی ایل اور دیگر عالمی ٹیموں کو ملک میں لانے سابق کپتان کا مشورہ
اسلام آباد۔ 4 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ،ہندوستان کے پیچھے بھاگنے کی بجائے پاکستان سوپر لیگ اور دیگر انٹرنیشنل ٹیموں کو ملک میں لانے پر توجہ دے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اور ہندوستان کو ایک دوسرے کے خلاف کھیلنا چاہئے لیکن موجودہ حالات میں جبکہ کوئی بڑی ٹیم پاکستان آنے کو تیار نہیں تو ہمیں اس پر توجہ دینی چاہئے۔ اگر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ تعلقات بحال ہوں تو یہ دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی دباؤ میں ہوتے ہیں اور اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں، اس طرح ہمارے خلاف کھیلنے سے ہندوستانی کھلاڑیوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کچھ مسائل موجود ہیں جنہیں مدنظر رکھنا چاہئے۔ ایک دور میں ہماری ٹیم میں کئی عالمی سطح کے کھلاڑی ہوتے تھے لیکن اب دیگر ٹیموں کے پاکستان نہ آنے سے صورتحال تبدیل ہو چکی ہے۔ بورڈ کو پاکستان سوپر لیگ کو کامیاب بنانے پر توجہ دینی چاہئے اور پاکستان میں دیگر ٹیموں کیلئے ماحول بہتر بنایا جائے۔ صورتحال یہ ہے کہ اس وقت پاکستان آنے کیلئے کئی قسم کے مطالبات کئے جاتے ہیں، اس لئے ہمیں پی ایس ایل اور دنیا کی چھوٹی ٹیموں کیخلاف میچ کا اہتمام کرنا چاہئے۔ صورتحال تبدیل ہوگی تو ساری ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔