کراچی ۔ 11 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ کے سربراہ شہریار خان کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی ٹیم سال 2016 ء میں ہندوستان کا دورہ کرے گی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) چیرمین نے ’ہیڈلائین ٹوڈے ‘کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ کرکٹ کا رشتوں کو استوار کرنے میں اہم رول ہے اور اسپورٹس اور سیاست کو علحدہ رکھا جانا چاہئے۔ انھوں نے تصدیق کی کہ ہندوستان ، پاکستان کا اُن کے نئے ہوم گراؤنڈ بمقام یو اے ای کو دورہ کرے گا ، جہاں ڈسمبر 2015 ء میں باہمی سیریز کھیلی جائے گی ۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پی سی بی اور انڈین کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی ) کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئی ہے جس کے مطابق دونوں ملکوں کی ٹیمیں آنے والے آٹھ برسوں میں 6 سیریز کے تحت 12 ٹسٹ ، 30 او ڈی آئیز اور 11 ٹوئنٹی 20 میچس کھیلیں گے ۔ جب یہ پوچھا گیا کہ آیا ہندوستان مستقبل قریب میں کسی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گا ، انھوں نے کہا ’’مجھے ایسی ہی اُمید ہے ‘‘ ۔ انھوں نے ادعا کیا کہ حالات بہتر ہورہے ہیں ۔ پشاور اور کوئٹہ کے حالات سردست سازگار نہیں ہے لیکن بقیہ پاکستان کی صورتحال اچھی ہے ۔