نئی دہلی۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام ) آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کا ورلڈ کپ میں ہندوستان کو شکست دینے کا کوئی امکان نہیں کیونکہ سرفراز احمد کی زیر قیادت کھیلنے والی موجودہ حریف ٹیم تجربہ کار نہیں ہے۔ ہربھجن سنگھ نے 16جون کو مانچسٹر میں مقرر میچ سے متعلق ایک ٹی وی شو میں گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستانی ٹیم کی موجودہ فارم بہت اچھی نہیں جبکہ ان کے کھلاڑیوں کے پاس مناسب تجربہ بھی نہیں ہے۔آف اسپنر نے اعتراف کیا کہ ماضی کی پاکستانی ٹیموں کو شکست دینا آسان نہیں تھا لیکن موجودہ ٹیم ہندوستان کیخلاف دس میں سے نو میچوں میں شکست کھا چکی ہے لہٰذا اس کا ہندوستان کیخلاف کامیابی کا کوئی امکان نہیں اور اگر اس نے ہندوستان کو شکست دے دی تو یہ ایک کرشمہ ہوگا۔ سنگھ کے بموجب ماضی کی بہترین پاکستانی ٹیمیں جب ہندوستان کو ورلڈ کپ میں شکست نہیں دے سکیں تو اب یہ کیسے ممکن ہوگا تاہم یہ ایک الگ بات ہے کہ اس مرتبہ ہندوستانی ٹیم بہتر کھیل کے لحاظ سے زیادہ دباؤ میں ہو گی کیونکہ زیادہ مضبوط اور مستحکم ٹیم ناکامی کے خوف کے باعث زیادہ دباؤ میں ہوتی ہے اور وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاکستان کیخلاف شکست کی صورت میں ہندوستان میں کیا کچھ ہو سکتا ہے۔ہربھجن سنگھ نے کہا کہ دوسری ٹیموں کیخلاف کیا ہوا اسے لوگ آسانی سے بھول جاتے ہیں لیکن ٹیم اگر پاکستان کیخلاف کھیل رہی ہو تو پھر ہر بات یاد رکھی جاتی ہے۔ میگا ایونٹ میں اس مرتبہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ برصغیر کی روایتی حریف ٹیموں سے کہیں بڑا اور زبردست مقابلہ ہوگا۔