پاکستان کا مالدیپ میں ایمرجنسی کی حمایت سے انکار

اسلام آباد دوسرے ملکوں کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا : شاہد عباسی

اسلام آباد ۔10 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مالدیپ میں صدرعبداللہ یامین کی طرف سے ایمرجنسی کے نفاذ کی حمایت سے انکارکرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان دوسرے ملکوں کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور وہ اس ضمن میں اقوام متحدہ کے منشور میں شامل اصولوں کی پاسداری جاری رکھے گا۔گزشتہ روز وزیراعظم سے مالدیپ کے وزیرخارجہ ڈاکٹرمحمد عاصم نے ملاقات کی جوصدریامین کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے 8 فروری کو تین روزہ دورے پرپاکستان پہنچے تھے۔ ملاقات کی تفصیلات سے اگاہ ایک سرکاری ذریعے نے بتایاکہ وزیراعظم نے مالدیپ کے وزیرخارجہ سے کہاکہ پاکستان ایمرجنسی کے انتہائی متنازعہ اقدام کے بعد مالدیپ کے صدرکا ساتھ دینے کاکوئی ارادہ نہیں رکھتا۔وزیراعظم کے ایک قریبی ساتھی نے نام نہ ظاہرکرنے کی شرط پربتایاکہ شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ ہم نے 2007 میں اسوقت کے امر پرویزمشرف کے ایمرجنسی نفاذ کی مذمت تھی چنانچہ ہم مالدیپ میں ایمرجنسی کی حمایت کیسے کرسکتے ہیں جہاں سپریم کورٹ نشانہ بن رہی ہے۔