ہرارے ، یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے محمد رضوان کی شاندار بلے بازی کی بدولت زمبابوے کو پہلے ونڈے انٹرنیشنل میں آج یہاں فتح کیلئے 260 رنز کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے۔ تین میچوں کی سیریز کے افتتاحی مقابلے میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ پاکستانی ٹیم صرف 35 رنز پر تین کھلاڑیوں سے محروم ہو کر شدید مشکلات سے دوچار تھی۔ اظہر علی 11، احمد شہزاد 12 اور محمد حفیظ 10 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اس موقع پر سرفراز احمد اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کیلئے 65 رنز جوڑ کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن 100 کے مجموعے پر شعیب ملک کی اننگز تمام ہوئی، وہ 31 رنز بنا کر جان نیمبو کی وکٹ بنے۔ سرفراز نے رضوان کے ساتھ مل کر اسکور کو 128 تک پہنچایا مگر 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ تاہم رضوان نے عماد وسیم کے ساتھ 124 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے 259/6 کو یقینی بنایا۔ جوابی اننگز میں زمبابوے T20 سیریز کی طرح کھیل رہا ہے اور تادم تحریر وہ 107/6 تک گھٹ چکا تھا۔