شارجہ21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خلاف شارجہ ٹسٹ میں شاندار کامیابی کے سبب آئی سی سی درجہ بندی میں پاکستان کا پانچواں مقام برقرار رہا جبکہ کپتان مصباح الحق بیٹسمینوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔شارجہ ٹسٹ میں پانچ وکٹ سے کامیابی کی وجہ سے پاکستان ٹیم سری لنکا کے خلاف نہ صرف سیریز برابر کرنے میں کامیاب رہی بلکہ آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں اپنا پانچواں مقام برقرار رکھ پائی ہیاور سری لنکا کی ٹیم بدستور چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ بیٹسمینوں کی فہرست میں کپتان مصباح الحق نے شاندار کارکردگی کی بدولت کریر کے بہترین مقامچھٹے نمبر پر ہیں نیز یونس خان دسویں نمبر پر ہیں۔ بولروں کی فہرست میں سعید اجمل کا پانچواں نمبر برقرار ہے جبکہ عبدالرحمان اور جنید خان سرفہرست 20 بولروں میں موجود ہیں۔
جانسن کو کرکٹ آسٹریلیا کا ایلن بارڈر ایوارڈ
سڈنی 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ایشز سیریز میں انگلینڈ کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہونے والے فاسٹ بولر مچل جانسن کو ان کی شاندار کارکردگی کا صلہ مل گیا ۔ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بہترین کرکٹرکا ایلن بارڈر ایوارڈ جیت لیا۔ ان کا مقابلہ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک سے تھا۔ کلارک گذشتہ دو برس سے مسلسل یہ اعزاز حاصل کررہے تھے اور اس مرتبہ بھی وہ ایوارڈ کی درڑ میں آگے تھے، وہ اس سے قبل چار مرتبہ ایلن بارڈر ایوارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔ کلارک کو ٹسٹ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ دیا گیا۔ جارج بیلی کو ونڈے اور آرون فنچ کو ٹوئنٹی 20 پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ دیے گئے۔ دریں اثنا مچل جانسن نے مزید تین سال بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ جانسن کے بموجب ابھی میری عمر 32 سال ہے اور میں خود کو کافی توانا محسوس کررہا ہوں، فی الحال سبکدوشی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ 35 سال تک بھر پور طریقے سے آسٹریلیائی ٹیم کی نمائندگی کریں۔ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس ورلڈ کپ میں آسٹریلیائی ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کو ایک جان ہوکر کھیلنا ہوگا۔