پاکستان کا آج بنگلہ دیش سے مقابلہ

ابوظہبی ۔ 25 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی چمپینس ٹرافی حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کو رواں ایشیاء کپ کے فائنل میں رسائی کیلئے کل بنگلہ دیش کے خلاف عملاً سیمی فائنل مقابلے میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم جس نے گزشتہ مقابلے میں بلند حوصلوں کی افغانستانی کرکٹ ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دیکر فائنل میں رسائی کی اُمیدوں کو برقرار رکھا اور وہ اسی سلسلے کو پاکستان کے خلاف بھی برقرار رکھتے ہوئے جمعہ کو ہندوستان کے خلاف فائنل کھیلنے کیلئے کوشاں ہوں گی ۔ ہندوستان کے خلاف کھیلے گئے دونوں مقابلوں میں پاکستانی ٹیم انتہائی دباؤ میں رہی اور اسے خود کا اعتماد بحال کرنے کیلئے بنگلہ دیش کیخلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کرنی ہوگی ۔