پاکستان کا آج بنگلہ دیش سے اہم مقابلہ

میرپور۔29مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم گروپ مرحلے کا اپنا تیسرا مقابلہ کل یہاں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی اور محمد حفیظ کی زیرقیادت پاکستانی ٹیم کوشاں ہے کہ وہ ناقص فارم کا شکار مشفق الرحیم کی زیرقیادت میزبان ٹیم کے خلاف ایک واضح کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی کے اپنے امکانات کو مستحکم کرلے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے خیمہ میں خوشخبری ہے کہ اس سے کے ان فارم بیٹسمین عمر اکمل مکمل صحت یاب ہوکر آج نٹ پریکٹس بھی کرلی ہیں ۔ عمر اکمل نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیم کی کامیابی میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے میان آف دی میچ ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا ۔ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ میں ٹیم کے اہم اسپنر سعید اجمل نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ وہ ٹوئنٹی 20میں اپنے 100ویں شکار کو جلد از جلد مکمل کرنے کے خواہاں ہیں۔

پاکستان کیلئے سعید اجمل کے علاوہ محمد حفیظ اور شاہد آفریدی اسپین شعبہ کے اصل ستون ہوں گے جب کہ فاسٹ بولنگ میں بہتر مظاہرہ کی تمام تر ذمہ داری ٹوئنٹی 20کے ماہر تصور کئے جانے والے فاسٹ بولر عمر گُل پر پھر ایک مرتبہ ہوگی۔ دوسری جانب میزبان بنگلہ دیش مسلسل ناکام مظاہروں کی وجہ سے پریشان ہے اور اس کی پریشانی میں مزید اضافہ اس لئے بھی ہوگیا ہے کیونکہ نمبر ایک آل راؤنڈر تصور کئے جانے والے شکیب الحسن مسلسل ناکام ہورہے ہیں ۔ ابتدائی دو مقابلوں میں ناکامیوں کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے عملاً خارج ہوچکی ہے تاہم وہ پاکستان کے خلاف کامیابی کی خواہاں ہے۔