اسلام آباد ۔4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹینس کھلاڑیوں اعصام الحق اور عقیل خان نے اپنے اپنے سنگلز مقابلوں میں کامیابی حاصل کی اور 12 سال بعد ملک میں ہونے والے بین الاقوامی ڈیوس کپ کا ڈبلز میچ بھی جیت لیا۔اسلام آباد میں کھیلے جا رہے ڈیوس کپ کے ڈبلز میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں اعصام الحق اور عقیل خان کا مقابلہ اپنے ایرانی حریفوں البورز اخوانی اور انوشہ شاہ غولی سے ہوا۔پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ایرانی ٹیم کو 1-6، 2-6 اور 2-6 سے شکست دی۔ پاکستان 2 سنگلز اور ایک ڈبلز میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ڈیوس کپ کے ایشین اوشیانا گروپ سے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔سنگل میچ کے بعد ڈبل میچ میں بھی ایران کو شکست دینے کے بعد اعصام الحق نے کہا کہ پاکستان میں 12 سال بعد بین الاقوامی ڈیوس کپ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔اعصام الحق نے کہا کہ انہیں نہ صرف پاکستان میں عالمی ایونٹ کی واپسی کی خوشی ہے، بلکہ انہیں پاکستان کی سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی بھی خوشی ہے۔قبل ازیں سنگل میچز میں عقیل خان نے ایران کے شاہین خالدان کو 7-6، 6-4 اور 6-2 سے شکست دی ۔دوسرے میچ میں پاکستان کے ٹاپ کھلاڑی اعصام الحق نے آسان مقابلے کے بعد ایران کے انوشہ شاہ غولی کو راست سٹوں میں 6-1، 6-2 اور 6-2 سے فتح اپنے نام کی۔