کنگسٹن ۔ 26اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) تین میچوں کی سیریز کے کنگسٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کو یہ میچ جتنے کے لئے صرف 32 رنز کا ہدف ملا تھا۔آسان نشانے کے تعاقب میں پاکستان ٹیم جلد ہی اپنے اوپنرز سے محروم ہو گئی۔ اظہر علی ایک رن بنا سکے جبکہ احمد شہزاد چھ کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ چوبیس کے مجموعی اسکور پر یونس خان بھی بشو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ تاہم بابر اعظم محتاط طریقے سے کھیلتے رہے۔ یونس خان کے بعد جب مصباح الحق وکٹ پر آئے تو انہوں نے دو مسلسل چھکے مارتے ہوئے پاکستان کو کامیابی دلوا دی۔ جمیکا کے سبائنا پارک میں پانچویں دن ویسٹ انڈیز کی ٹیم صرف 152 رنز بنا کر ہی ڈھیر ہو گئی۔ اس اننگز میں یاسر شاہ نے انتہائی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ مجموعی طور پر انہوں نے اس ٹسٹ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں جس پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پہلا ٹسٹ کھیلنے والے محمد عباس نے دو جبکہ محمد عامر اور وہاب ریاض کو فی کس ایک وکٹ ملی۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے نمایاں اسکورر کیران پاؤل رہے، جنہوں نے انچاس رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی بولروں کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔ قبل ازیں پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 407 رنز بنائے تھے، جس میں کپتان مصباح الحق کی ناقابل شکست 99 رنز کی اننگز بھی شامل ہے۔ مصباح الحق پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں، جو ٹسٹ میچ میں ننانوے ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز 286 رنز بنائے تھے اور اسے دوسری اننگز کے آغاز پر ہی121 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔ پہلی اننگز میں پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ یاسر شاہ کے حصے میں صرف دو وکٹیں ہی آئی تھیں۔یاد رہے دورہ ویسٹ انڈیز پر پاکستان نے ٹوئنٹی 20 ونڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے اور اب اسے یہاں پہلی ٹسٹ سیریز اپنے نام کرنے کا بہترین موقع ہے ۔