پاکستان پہلے ٹسٹ میں سری لنکا کیخلاف بہتر مظاہرہ کیلئے پر عزم

کولمبو ۔14 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور سری لنکا پریذیڈنٹ الیون کے درمیان سہ روزہ پریکٹس میچ ہار جیت کے بغیر ختم ہو گیا جس کے بعد پاکستانی ٹیم پہلے ٹسٹ میں بہتر مظاہرہ کے لئے پر عزم ہے کیونکہ اس کے صف اول کے بیٹسمینوں جن میں کپتان مصباح الحق اور وکٹ کیپر سرفراز احمد کے علاوہ سب نے بہتر مظاہرہ کیا ہے جبکہ بولنگ شعبہ میں خصوصاً ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے اس سے ٹیم کے حوصلے بلند ہیں جیسا کہ یہاں سہ روزہ مقابلے میں کھیل کے آخری دن پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز 257 رنز 6 کھلاڑی آوٹ پر ختم کر دی اور میزبان ٹیم کو جیت کیلئے 364 رنز کا نشانہ دیا۔ شان مسعود 69، اظہر علی 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ میزبان ٹیم کے لئے وینداراسے نے3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔دوسری اننگز میں پریذیڈنٹ الیون نے 27 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے اور میچ کا وقت ختم ہو گیا۔ کولمبو میں ٹور میچ کے تیسرے اور آخری دن پاکستان نے 27 رنز ایک کھلاڑی سے اننگز کا آغاز کیا تو دوسری وکٹ پر شان مسعود اور اظہر علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 113 کا اضافہ کیا، 130 کے اسکور پر شان مسعود 69 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اظہر علی 48 اور یونس خان 35 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ کپتان مصباح الحق 29 رنز بنا سکے۔ پریذیڈنٹ الیون کی جانب سے وینڈراسے نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 364 رنز کے ہدف میں سری لنکا پریذیڈنٹ الیون نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرز نے 95 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ تھرنگا 50 اور کوراتنے 54 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو ئے جیہان مبارک 16 رنز بنا سکے جب میچ ختم ہوا تو سری لنکا پریذیڈنٹ الیون کا اسکور 139 رنز تھا کپتان چندیمل ایک سیر وردھنے 4 رنز پر کریز پر موجود تھے۔ پاکستان کی جانب سے احسان عادل نے 24 رنز دیکر ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تین ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کاپہلا مقابلہ 17 جون کو گال میں شروع ہو گا۔