پاکستان نے 100 ہندوستانی مچھیروں کو رہا کردیا

اسلام آباد 14 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے مزید 100 ہندوستانی مچھیروں کو دونوں ملکوں کے مابین کشیدگی کے دوران خیرسگالی اقدام کے طور پر رہا کردیا ہے ۔ ان مچھیروں کو ہفتے کو رہا کیا گیا ہے ۔ پاکستان نے جاریہ ماہ چار مراحل میں 360 ہندوستانی قیدیوں کو پاکستان سے رہا کرنے کا اعلان کیا تھا جن میں یہ مچھیرے بھی شامل تھے ۔ پاکستان پہلے بھی 7 اپریل کو 100 ہندوستانی مچھیروں کو رہا کرچکا ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ خیرسگالی اقدام کے طور پر مزید 100 مچھیروں کو کراچی کی مالیر جیل سے رہا کیا گیا ہے ۔ انہیں ٹرین سے لاہور لیجایا گیا جہاں سے انہیں واگھا سرحد پر پیر کو ہندوستانی حکام کے حوالے کردیا جائیگا ۔وہاں سے انہیں ہندوستان لیجایا جائیگا ۔ واضح رہے کہ پلواما دہشت گرد حملے کے بعد دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے اور پاکستان نے اظہار خیر سگالی کے طور پر مچھیروں کی رہائی کا فیصلہ کیا ہے ۔