کارڈف ، 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے پانچویں و آخری ونڈے میں انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر کلین سویپ کی ہزیمت سے خود کو بچالیا اور سیریز کا اختتام 4-1 پر ہوا۔ انگلینڈ نے جیت کیلئے پاکستان کو 303 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا جسے مہمانوں نے چھ وکٹ کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 22 رنز پر گری جب شرجیل خان 10 رنز پر کرس ووکس کا شکار ہوگئے، جس کے بعد اظہر علی اور بابر اعظم نے 54 رنز کی شراکت قائم کی۔ بابر اعظم 31 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے، جس کے فوری بعد کپتان اظہر (33) بھی مارک ووڈ (2/56) کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد شعیب ملک اور سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 163 رنز کی زبردست شراکت چوتھی وکٹ کیلئے قائم کی جس کا اختتام 240 کے اسکور پر وکٹ کیپر بلے باز کے آؤٹ ہونے پر ہوا۔ سرفراز نے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ شعیب 77 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شعیب کے بعد محمد نواز صرف 2 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے مگر 266/6 کے بعد محمد رضوان اور عماد وسیم نے 38 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے پاکستان کو جیت دلائی۔ رضوان 34 جبکہ عماد 16 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بہترین بلے بازی پر سرفراز کو ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔ اس سے قبل بولنگ کیلئے سازگار وکٹ پر اظہر علی نے انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سیریز میں 4-0 کے خسارے سے دوچار پاکستانی ٹیم کو کلین سویپ سے بچنے کا چیلنج درپیش تھا۔ انگلش اوپنرز نے پاکستانی بولرز کی غیرمعیاری بولنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن پانچویں اوور میں ایلکس ہیلز 23 رنز بناکر محمد عامر (3/50) کو وکٹ دے بیٹھے۔ اس کے باوجود رنز بننے کی رفتار کم نہ ہوئی۔ تاہم 64 کے اسکور پر جو روٹ (9) حسن علی (4/60) کی گیند کو ڈرائیو کرنے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔ کیپٹن اوئن مورگن 10 رنز بناپائے۔ بین اسٹوکس نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو بحرانی صورتحال سے نکالا، 75 رنز بنائے جبکہ اوپنر جیسن رائے نے 87 کا ٹاپ اسکور کیا۔ انگلینڈ کی اننگز 302/9 پر ختم ہوئی۔