کراچی۔3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹوئنٹی20 میچ میں فتح کے ساتھ سیریز 0۔2 سے اپنے نام کرنے کے ساتھ نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنا کر ٹی20 کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا اسکور بنایا اور اس کے ساتھ نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔یہ ٹی20 کرکٹ میں لگاتار چوتھا میچ تھا کہ پاکستانی ٹیم نے 180 رنز سے زائد اسکور کیا جو ٹی20 کرکٹ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے، کیونکہ آج تک ٹی20 کرکٹ میں کوئی بھی مسلسل 4 میچوں میں 180 سے زائد رنز نہ بنا سکی۔نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے، جبکہ سیریز کے تیسرے میچ میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے مقابلے میں میزبان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے جبکہ سیریز کے دوسرے میچ میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے جو ان کا ٹی20 میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں فتح کے ساتھ مسلسل 7ویں سیریز میں فتح اپنے نام کی، سرفراز احمد نے بحیثیت کپتان ٹوئنٹی20 سیریز نہ ہارنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔ ورلڈ ٹی20 میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی20 ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کے سپرد کی ہے، جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف انہی کی سرزمین پر واحد ٹی20 میچ جیت کر فتوحات کے سفر کا آغاز کیا۔اس کے بعد سرفراز کی زیر قیادت ٹیم نے پہلے ویسٹ انڈیز کو دبئی اور پھر انہی کی سرزمین پر ٹی20 سیریز میں شکست دی، جس کے بعد ورلڈ الیون کو لاہور میں شکست سے دوچار کیا۔پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھا، جس کے بعد نیوزی لینڈ کو انہی کو دیس میں مات دینے کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی سمیٹ کر لگاتار ساتویں سیریز میں فتح سمیٹی۔