پاکستان نے ورلڈکپ میں نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ کرلیا

کراچی ۔30ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈکپ چند ہفتے بعد آسٹریلیا و نیوزی لینڈ کے میدانوں میں شروع ہوگا اور میگا ایونٹ میں پاکستانی سلیکٹرز تجربہ کار اور آزمودہ کار کھلاڑیوں کی بجائے 1992کے ورلڈ کپ کی طرح بلند حوصلہ نوجوان خون کو آزمانے پر غور کررہی ہے۔ وکٹ کیپر کامران اکمل کو پاکستان ٹیم میں واپس لانے کے لئے لابی سرگرم ہے تاہم پاکستانی ٹیم انتظامیہ ورلڈ کپ میں نوجوان اوپنر سمیع اسلم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو موقع دینے کا ذہن بنار ہے ہیں۔ قائد اعظم ٹرافی میں659رنز بنانے والے پشاور اور سوئی ناردرن کے محمد رضوان پاکستان ٹیم میں شمولیت کے لئے مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں۔ عمر اکمل کی ٹیم میں شمولیت بھی مشکل دکھائی دیتی ہے۔ رضوان نے قائد اعظم ٹرافی فائنل میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔ وہ بیٹنگ کے لئے علاوہ سرفراز احمد کے ساتھ محفوظ وکٹ کیپر کی اضافی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ذرائع کے بموجب 92 کے ورلڈ کپ میں جس طرح انضمام الحق، مشتاق احمد، معین خان، عاقب جاوید اور عامر سہیل نے کارکردگی دکھائی تھی

اس کو دیکھتے ہوئے پاکستانی سلیکٹرز ایسے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں جو مستقبل میں اسٹار بن سکتے ہیں۔ رضوان کے علاوہ سمیع اسلم تیسرے اوپنر کی حیثیت سے شمولیت کے مضبوط امیدوار ہیں۔ سمیع اسلم نے قائد اعظم ٹرافی گولڈ لیگ فائنل میں نیشنل بینک کی جانب سے سنچری بنائی تھی۔ سمیع اسلم آسٹریلیا کی سیریز میں پاکستانی ٹیم میں شامل تھے۔ ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کراچی میں پینٹاگولر کپ کے دوران کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے ورلڈ کپ سے پہلے یہ اچھی خبر ملی ہے کہ فاسٹ بولر عمر گل گھٹنے کی زخم سے صحت یاب ہوگئے ہیں۔ تاہم چیف سلیکٹر معین خان کے بموجب پینٹاگولر کپ میں عمر گل کے علاوہ جنید خان اور صہیب مقصود حصہ لیں گے اور تینوں کھلاڑیوں کی فٹنس دیکھنے کے بعد ورلڈ کپ میں انہیں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔