پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 147 رنز سے شکست دی

شارجہ۔15ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے تیسرے ون ڈے میںنیوزی لینڈ کو147رنز کے واضح فرق سے شکست دے کر سیریز میں 1-2کی برتری حاصل کرلی ہے۔ حارث سہیل نے پھر ایک مرتبہ بولنگ میں حیران کن مظاہرے کئے ہیںاور انہوں نے مسلسل دوسرے میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹ لئے۔ کپتان شاہدآفریدی نے بھی آل راؤنڈ کارکردگی پیش کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ بھی دیکھائی۔364رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 217 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ کین ولیم سن نے سب سے زیادہ 46،ٹام لیتھم نے 34،لیوک رونچی نے 41 اور راس ٹیلر نے 31 رنز اسکور کیے۔ قبل ازیںاوپنر احمد شہزاد کی شاندار سنچری اور شاہد آفریدی کی برق رفتار اننگز کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف مقررہ اوورز میں سات وکٹ پر364 رنز بنا کر ہمالیائی اسکورکھڑا کیا۔ان فٹ مصباح الحق کی جگہ لینے والے عمر اکمل کے علاوہ تمام بیٹسمینوں نے کھل کر بیٹنگ کی اور بولروں کو بے بس کردیا۔ سرفراز احمد اور سہیل تنویر نے کورے اینڈرسن کے آخری اوور میں 22رنز بنائے۔ سرفراز احمد14 گیندوں پر30 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ انہوں نے ایک چھکا اورچار چوکے مارے۔ سہیل تنویر نے9 گیندوں پر 17 رنز دو بلند و بالا چھکوں کی مدد سے بنائے۔ کپتان شاہد آفریدی نے26 گیندوں پر55 رنز بنائے۔ یہ اس ون ڈے سیریز میں ان کی دوسری نصف سنچری ہے۔ انہوں نے تین چھکے اور چھ چوکے لگائے۔ 23سالہ احمد شہزاد نے اس سال دوسری اور مجموعی طور پر چھٹی ونڈے سنچری اسکور کی۔ احمد نے فٹ ہونے کے بعد پہلی بڑی اننگز کے دوران 113 رنز بنائے۔ انہوں نے120گیندوں کا سامنا کیا۔ احمد شہزاد نے دو چھکے اور بارہ چوکے مارے۔ نوجوان حارث سہیل نے 28گیندوں پر39رنز کی کارآمد اننگز کھیلی۔ حارث سہیل نے ایک چھکا اور پانچ چوکے مارے۔ یونس خان مسلسل تیسرے میچ میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ وہ39 گیندوں پر 35رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ یونس نے ایک چھکا اورچار چوکے مارے۔ پاکستان نے اس مقابلے میں شارجہ کا اعظم ترین اسکور بنایا ہے۔