پاکستان نے سری لنکا کو پہلا ٹی ٹوئنٹی 29 رنز سے ہرایا

کولمبو، 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے سہیل تنویر اور عمر اکمل کی عمدہ پرفارمنس کی بدولت سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 29 رنز سے شکست دے دی۔ گزشتہ روز یہاں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرمختار احمد صرف دو رنز بنا کر انجیلو میتھیوز کی وکٹ بن گئے۔ محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے اسکور کو 52 رنز تک پہنچایا لیکن آٹھویں اوور میں حفیظ بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ دے بیٹھے۔ احمد شہزاد کیچ چھوٹنے کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور 83 کے مجموعی اسکور پر 46 رنز بنانے کے بعد تھسارا پریرا کی دوسری وکٹ بن گئے۔ اس موقع پر عمر اکمل اور شعیب ملک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 79 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 163 تک پہنچا دیا۔ عمر اکمل 24 گیندوں پر 46 رنز کی جارحانہ باری کھیلنے کے بعد ملنگا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے، شعیب 46 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ تھسارا پریرا دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

جواب میں سری لنکا کے اوپنر کوشل پریرا (4 رنز)پہلے ہی اوور میں اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے انور علی کی گیند پرشاہد آفریدی کو کیچ دے بیٹھے۔ میزبان ٹیم کی ٹاپ آرڈر توقعات پر پوری نہ اتری اور چوتھے اوور میں 19 کے مجموعی اسکور پر مزید دو بلے باز تلک رتنے دلشان(6 رنز) اور کتھورواں وتھاناگے (1 رن)سہیل تنویر کا نشانہ بن گئے۔ اس کے بعد دھننجے ڈی سلوا اور میتھیوز نے محتاط انداز میں اسکور 55 رنز تک پہنچا ، جب عماد وسیم نے میتھیوز کو بولڈ کر دیا۔ بعد میں آنے والے بلے باز پاکستانی بولرز کیلئے بڑا خطرہ بننے میں ناکام رہے اور میزبان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 146/7 تک محدود ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے سہیل نے 29 رنز دے کر 3، انور علی نے 2، جبکہ عماد اور شعیب ملک نے ایک ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سہیل کو سری لنکن ٹاپ آرڈر تہس نہس کرنے پر ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔ پاکستان دو میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کر کے عالمی درجہ بندی میں پانچویں سے تیسرے نمبر پہنچ سکتا ہے۔ٹی ٹوئنٹی چمپئن سری لنکا آئی سی سی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔