سڈنی۔9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )ورلڈ کپ کرکٹ کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے،میچ کے ہیرو صہیب مقصود رہے جنہوں نے ناقابل شکست93رنز کی اننگز کھیلی۔247رنز کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہیں تھا اور ابتدائی دو وکٹیں صرف8رنز کے معمولی اسکور پر ہی گر گئیں تھیں تاہم مقصود نے دوسرے سرے سے وکٹ سنبھلے رکھا اور رنز میں بھی اضافہ کیا،حارث سہیل39اور عمل اکمل نے39رنز بناکر صہیب مقصود کا ساتھ دیا,پاکستان نے49ویں اوور کی پہلی گیند پر نشانہ حاصل کرلیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے مشرفی مرتضیٰ اور تسکین احمد نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کو پہلے ہی اوور میں اس وقت کامیابی ملی جب انعام الحق بغیر کوئی رن بنائے سہیل خان کی گیند پر صہیب مقصود کو کیچ دے بیٹھے۔ دوسری وکٹ کیلئے بھی پاکستان کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور 16رنز کے مجموعی اسکور پر مومن الحق 7رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد تمیم الحق اور محموداللہ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہر کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں168رنز بناکر ٹیم کے موقف کو مستحکم کیا، محمود اللہ 83رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔