پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز 3-0 سے جیت لی

دبئی۔29 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں ٹوئنٹی20 سیریز کے تیسرے میچ میں بھی پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست سے دوچار کر کے کلین سویپ کرلیا۔ تیسرے اور آخری میچ میں آسٹریلیا کو 33 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا 151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 117 رنز بنا کر آل آوٹ ہوگئی۔ شاداب خان کو 3 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔ بابر اعظم کو تینوں میچوں میں بہترین بیٹنگ کرنے پر مین آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیا۔ سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ فیصلہ کیا اورٹیم مقررہ 20 اوورزمیں 5 وکٹوں پر 150 رنز بنائے۔ بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان نے 94 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ بابر اعظم 50 اور صاحبزادہ فرحان 39 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔محمد حفیظ نے 32 رنز کی تیز اننگزکھیلی اورناٹ آوٹ رہے۔ شعیب ملک 18، آصف علی4 ، فہیم اشرف صفر اور عماد وسیم 3 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔اس میچ کے میں فخر زمان کی جگہ صاحبزادہ فرحان اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ عثمان خان شنواری کو کھلایاگیا۔151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیری اور ارون فنچ نے آغاز کیا تو24 کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ نے فنچ کوآوٹ کر دیا۔ فورا بعد فہیم اشرف نے کیری کی وکٹ بھی حاصل کر لی۔ فنچ نے ایک اورکیری نے 20 رنز بنائے۔ میکڈرمٹ اور لین نے ا سکور 60 تک پہنچا دیا۔شاداب خان نے اپنے پہلے ہی اوور میں لین کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ اسی اوور میں میکڈرمٹ بھی رن آوٹ ہوگئے۔ لین نے 15 اور میک ڈرمٹ نے 21 رنز بنائے۔میکسویل 4 رنز بنا کر شاداب خان کا دوسراشکار بنے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں بھی پاکستان نے 1-0 کی کامیابی حاصل کی تھی جبکہ آسٹریلیا اس دورہ پر ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کرپائی ہے۔