پاکستان میں 7 سال بعد ویمنس اسکواش ورلڈ ٹور کی واپسی

راولپنڈی، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سات سال بعد پہلی دفعہ ویمنس اسکواش اسوسی ایشن (ڈبلیو ایس اے) ورلڈ ٹور کی میزبانی کرے گا۔ بحریہ ٹائون راولپنڈی کے سفاری کلب میں یکم اپریل سے 4 اپریل تک منعقد ہو گا جس میں سات ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی، اور اس ایونٹ کی انعامی رقم دس ہزار ڈالر رکھی گئی ہے۔ عالمی نمبر 35 جنوبی افریقی سیولی واٹر اس ایونٹ کی صف اول کی کھلاڑی ہوں گی۔ میزبان ٹیم کی قیادت پشاور سے تعلق رکھنے والی مشہور کھلاڑی ماریا طورپاکائی وزیر کریں گی۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سکریٹری عامر نواز نے ڈبلیو ایس اے کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دس ہزار امریکی ڈالر کے انعام کا یہ ٹورنمنٹ اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان میں خواتین کے اسکواش کو فروغ دیا جا رہا ہے۔