پاکستان میں 14 جنگجوؤں کو پھانسی کی سزا

اسلام آباد۔ 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں 14 جنگجوؤں کو پھانسی کی سزادی گئی ہے ۔ یہ جنگجو فوجی دستوں، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں، بنیادی انفرااسٹرڈھانچے کو تباہ کرنے ، ایک پولس تھانہ، ایک تعلیم ادارہ اور بے قصور شہریوں کو قتل کرنے جیسے سنگین جرائم میں شامل تھے ۔پاکستانی فوجی سربراہ جنر ل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو ان جنگجوؤں کو پھانسی کی سزا دیئے جانے کی تصدیق کی ہے ۔پاکستانی میڈیا نے انٹرسروسیز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے بیان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ سزا یافتہ جنگجو 16 لوگوں کو قتل کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ ان میں 13 سلامتی اہلکاروں اور تین شہری ہیں۔ اس کے علاوہ 19 افراد ان کے کئے گئے وارداتوں کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں۔ ان جنگجوؤں کے پاس سے ہتھیار اور گولہ وبارود بھی برآمد ہوئے ہیں۔ جنگجوؤں کو خصوصی فوجی عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی ہے ۔ سبھی جنگجوؤں کا تعلق پابندی شدہ تنظیم سے ہے ۔پھانسی کی سزا پانے والے انتہاپسندوں میں محی الدین، گل زمین، فضل ہادی، محمد واحد، گل محمد، بشیر احمد، آفرین خان، برکت علی، محمد اسلام، روح الامین، شتامند، بچ وزیر، محمد اور محمد اسمعیل ہیں۔یہ ایک ماہ میں تیسری مرتبہ فوجی سربراہ نے جنگجوؤں کے اجتماعی طور پر پھانسی کی سزا کی منظوری دی ہے ۔اس سے قبل 23 نومبر کو 11 جنگجوؤں اور 16 دسمبر کو 15 جنگجوؤں کو پھانسی کی سزا کی منظوری دی گئی تھی۔