پاکستان میں 12سال بعد ٹینس کی واپسی

اسلام آباد۔ 3فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کھلاڑیوں نے 12 سال بعد ملک میں بین الاقوامی ٹینس کی واپسی کا شاندار طریقہ سے استقبال کیا ہے جہاں پاکستانی ٹاپ سیڈ اعصام الحق اور عقیل خان نے اپنے اپنے سنگلز میچز میں کامیابی حاصل کر لی۔ڈیوس کپ کے ایشین اوشیانا گروپ 2 ایونٹ کے انعقاد کے ساتھ ہی پاکستان میں 12 سال کے طویل وقفے کے بعد انٹرنیشنل ٹینس کی واپسی ہوئی ہے جہاں پاکستانی اسٹارز نے ابتدائی راؤنڈ میں کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔ایونٹ کے پاکستان میں انعقاد پر اس وقت منسوخی کا خطرہ منڈلانے لگا تھا جب ایران نے سیکیورٹی خدشات کے سبب پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا لیکن انترنیشنل ٹینس فیڈریشن نے معاملے مداخلت کی اور ایونٹ کے پاکستان میں ہی انعقاد کا اعلان کیا۔اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں عقیل خان اور اعصام الحق نے ایرانی حریفوں کو شکست دے کر فاتحانہ انداز میں ایونٹ کا آغاز کیا۔ عقیل خان نے ایران کے شاہین خالدان کو راست  سٹوں میں شکست دیکر پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی، ان کا  اسکور 7-6، 6-4 اور 6-2 رہا۔دوسرے میچ میں پاکستان کے ٹاپ سیڈ اعصام الحق نے آسان مقابلے کے بعد ایران کے انوشہ شاہ کو راست سٹوں میں شکست دے دی، انہوں نے 6-1، 6-2 اور 6-2 سے کامیابی اپنے  نام کی۔ یاد رہے سری لنکائی کرکٹ ٹیم پر دہشت گرد حملوں کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی مقابلے نہیں ہورہے ہیں ۔