اسلام آباد ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میںا قلیتی ہندوؤں کے میریج بل جس کی قانون سازی کا بے چینی سے انتظار کیا جارہا تھا اب وہ حقیقت میں تبدیل ہونے جارہا ہے کیونکہ ایک سینیٹ کمیٹی نے اس تاریخی مسودہ کو قانون سازی میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ اسے چار ماہ قبل قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا۔ اس طرح ہندو میریج بل 2016ء سینیٹ میں منظور ہونے کے بعد قانون بن جائے گا۔ سینیٹ پارلیمنٹ کی ایوان بالا کو کہا جاتا ہے۔ سینیٹ فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے گذشتہ چار ماہ سے التواء میں پڑے ہندو میریج بل کو اتفاق رائے سے منظور کرلیا اور اس طرح سینیٹ میں پیش کئے جانے کی راہ ہموار کردی۔ سینیٹ کمیٹی نے متحدہ قومی موومنٹ کی سنیٹیر نسرین جلیل کی قیادت میں بل کو مباحثہ کیلئے پیش کیا اور بعدازاں اسے منظور کرلیا۔