ہندوستانی بیٹسمین ویراٹ کوہلی کے پاکستانی مداح پر ملک سے غداری کا مقدمہ
لاہور۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بیٹسمین ویراٹ کوہلی کے ایک بے پناہ پرجوش پاکستانی مداح کو لاہور کی ایک عدالت نے بالآخر آج ضمانت دے دی جس کو اپنے گھر پر ہندوستانی پرچم لہرانے پر غداری کے الزامات کا سامنا ہے اور وہ ایک ماہ تک سلاخوں کے پیچھے ڈاٹ گیا تھا۔ اوکاڑہ کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس عدالت نے 22 سالہ عمر دراز کی درخواست ضمانت منظوری کرلی۔ وہ پیشہ سے ایک خیاط (ٹیلر) ہے جس کو ضلع اوکاڑہ میں واقع اس کے گھر سے 25 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا۔ عمر دراز کوہلی سے کافی مشابہت رکھتا ہے، اس نے ہندوستانی بیٹسمین سے اپنی چاہت کے اظہار کیلئے اپنے گھر پر ہندوستانی قومی ترنگا لہرایا تھا جس پر اس پر پاکستانی اقتدار اعلیٰ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ عمر دراز کو جرم ثابت ہونے پر 10 سال کی قید ہوسکتی ہے۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ جج عتیق انور نے ملزم کو پولیس کی طرف سے دی گئی کلین چٹ سے قطع نظر اس کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔ بعدازاں اس کے دو وکلاء رضوان اور محمد یوسف نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس جج اسداللہ سراج کے اجلاس پر درخواست دائر کی تھی، جنہوں نے گزشتہ روز پولیس کے بیان اور عدالتی دستاویزات کا جائزہ لینے
اور دونوں فریقوں کی بحث کی سماعت کے بعد درخواست قبول کی اور ضمانت کیلئے 50,000 روپئے کا مچلکہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ یہ بھی اتفاق ہے کہ عمر دراز کو اس دن گرفتار کیا گیا تھا جب ہندوستانی ٹیم نے ایک ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔ اس میچ میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔ اس میچ کوہلی نے 90 رنز بنایا تھا اور انہیں ’’مین آف دی میچ‘‘ قرار دیا گیا تھا۔ عمر دراز نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی کے شاندار مظاہرہ کی خوشی میں گھر پر کوہلی کے پوسٹرس کے ساتھ ہندوستانی پرچم لہرایا تھا۔ تاہم پولیس نے ایک شکایت پر اس کے گھر پر دھاوا کرتے ہوئے اس کو گرفتار کرلیا تھا۔ بعدازاں عمر دراز نے پولیس میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس کو اس بات کا کوئی علم نہیں تھا کہ ایسا کرنا جرم ہے اور اس نے حکام سے معافی کی درخواست کی تھی۔ اس نے کہا کہ اس کو کسی جاسوس کی طرح نہیں بلکہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ایک مداح کی طرح دیکھا جانا چاہئے۔ عمر دراز نے کہا کہ ’’میں ویراٹ کوہلی کا بہت بڑا فیان ہوں۔ کوہلی کی وجہ سے ساری ہندوستانی ٹیم کو چاہتا ہوں۔ میری گھر کے چھت پر ہندوستانی پرچم کا لہرایا جانا ہندوستانی کرکٹ ٹیم سے میری محبت کا اظہار ہے‘‘۔